امریکی افواج کاافغانستان کےدوصوبوں میں فضائی حملہ، 80طالبان ہلاک

افغان صوبےقندھار اور فریاب میں امریکا کی فضائی بمباری کےنتیجےمیں 80 طالبان جنگجوؤں کوہلاک کردیا گیاہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارےکے مطابق افغانستان کےدوصوبوں قندھاراورفریاب میں امریکااورافغان سیکیورٹی فورسزنےمشترکہ فوجی کارروائی کی۔ امریکی فورسز نے طالبان کے جنگجوؤں کےٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہےکہ فضائی آپریشن میں قندھارکےاضلاع معروف اور شاہ ولی میں 33 طالبان جنگجو ہلاک اور 8 زخمی ہوئے جب کہ 47 جنگجو فریاب میں مارےگئے۔ افغان فوج نے زخمی جنگجوؤں اور بھاری اسلحے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب مقامی طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ قندھار میں جنگجوؤں نے ایک کامیاب کارروائی میں امریکی فوج کی ایک گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اُڑایا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام امریکی اہلکار مارے گئے، تاہم اس دعوے کی افغان حکومت یا امریکی حکام سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کو آخری مرحلے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک بند کرنے کے بعد سے افغانستان میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News