سعودی، بھارتی اعلامیے کا اجرا

پاکستان کی جانب سے فضائی حدود سے گزرنے کی پابندی کے بعد طویل راستہ اختیار کر کے سعودی عرب پہنچنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔یہ دورہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر عمل میں آیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی باہمی دلچسپی کے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے اسٹراٹیجک کونسل کے قیام کے سلسلے میں اہم کردارادا کرنے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے اسٹراٹیجک شراکت کونسل کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بھارت اور سعودی عرب نے اسٹراٹیجک شراکت کے استحکام کے لیے مل جل کر کام کرتے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
سعودی عرب اور بھارت نے حالیہ برسوں کے دوران دونوں ملکو ں کے عوام میں میل ملاپ اور سیاسی ، اقتصادی ، سلامتی ، دفاعی اور افرادی قوت کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیا۔
دونوں ملکوں کے رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرکے اندرونی امور میں کسی بھی طرح کی مداخلت کو پوری قوت سے مسترد کردیا۔ شام سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2254کی پرزور تائید کا اعادہ کیا۔ یمن کا بحران ، خلیجی فارمولے، یمنی قومی مکالمے کی قراردادوں اور سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر2216کے مطابق حل کرنے کی تائید کی۔
دونوں ملکوں نے امیدظاہر کی کہ فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب فارمولے کے مطابق حل ہو فلسطینی عوام کے جائز حقوق ، 1967 ءکی سرحدوں میں خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو اور بیت المقدس اس کا دارالحکومت بنایا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News