داعش سربراہ کی ہلاکت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم موڑ ہے، ترک صدر
ترک صدر طیب اردوگان نے کالعدم تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم موڑ قرار دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کا ملک مستقبل میں بھی دہشت گردی کے خاتمے کی جدو جہد جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے داعش اور دیگردہشت گردتنظیموں کے خلاف لڑائی کی بھاری قیمت چکائی ہے ۔
واضح رہے کہ ترک وزارت دفاع کے بیان کے مطابق ابو بکر البغدادی کے خلاف کارروائی سے قبل ترک اور امریکی فوج نے معلومات کا تبادلہ بھی کیاتھا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز شام کے شمال مشرقی صوبہ ادلب میں فوجی کارروائی کے دوران بغدادی کے مارے جانے کا اعلان کیا تھا ۔
انہوں نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا تھا کہ داعش کے سربراہ کو خصوصی امريکی دستوں نے گزشتہ روز شمال مغربی شام ميں انسداد دہشت گردی کی ايک کارروائی ميں ہلاک کیا۔ يہ کارروائی دو گھنٹوں تک جاری رہی اور اس ميں امريکی افواج کا کوئی اہلکار ہلاک نہيں ہوا۔ ٹرمپ نے مزيد بتايا کہ بغدادی کی ہلاکت کے بعد متعلقہ کمپاؤنڈ سے حساس معلومات و مواد امريکی فورسز نے اپنی تحويل ميں لے ليا ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اتوار کے روز علی الصباح کی جانے والی ٹویٹ جس میں انھوں نے ’’بڑی کامیابی‘‘ ملنے کی نوید سنائی تھی کے بعد وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ گرینچ کے معیاری وقت والے ایک بجے صدر ٹرمپ اہم اعلان کرنے والے ہیں۔
سیرین آبزرور فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ آٹھ ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کی مدد سے کئے گئے اس آپریشن میں البغدادی ، اس کی بیوی اور چند بچوں سمیت مجموعی طورپر 9 افراد مارے گئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
