شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں شدید برفباری نے معمولات زندگی مفلوج کر دیے ہیں، جس سے سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق شدید برفانی طوفان سے درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس کے باعث شہریوں کو نقل و حمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ برفباری کے نتیجے میں شکاگو میں ایک ہزار چار سو پروازیں منسوخ ہو گئیں، جبکہ ایئرپورٹ پر 9 انچ برف جمع ہو گئی۔
مزید پڑھیں: امریکہ میں برفانی طوفان سے جنگلی حیات کی زندگی بھی خطرے میں پڑگئی
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی اقدامات اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ شکاگو میں برف ہٹانے اور شہریوں کی مدد کے لیے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔
ریاست انڈیانا کے شہر ٹری ہوٹ کے قریب شدید برفانی طوفان کے دوران 50 سے زیادہ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے ہائی وے پر شدید ٹریفک جام پیدا ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور متاثرہ افراد کی مدد اور گاڑیوں کو ہائی وے سے ہٹانے کے لیے کام جاری ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور محتاط ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: برفانی طوفان آج برطانیہ سے ٹکرائے گا؛ 5 دن کیلئے ریڈ الرٹ جاری
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک زبردست برفانی طوفان کے باعث مشرق وسطی اور گریٹ لیکس کے علاقوں میں سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
شکاگو کے او’ہار ائیرپورٹ میں سب سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ میڈوے ائیرپورٹ پر بھی متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
فلائٹ اویئر کے مطابق، ہفتے کو تقریباً 1,500 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں اور اتوار کی شام تک مزید تقریباً 350 پروازیں او’ہار سے منسوخ ہو گئیں۔
یہ طوفان تھینکس گیونگ تعطیلات کے عروج کے دوران آیا، جس کے باعث امریکی ایئرپورٹس میں سب سے زیادہ مسافروں کی آمد و رفت تھی۔
نیشنل ویدر سروس نے شکاگو خطے میں پیر کی دوپہر سے رات تک برف باری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے پیر کی شام کی آمد و رفت خطرناک ہو سکتی ہے اور منگل کی صبح تک اثرات جاری رہنے کا امکان ہے۔
مزید برفانی طوفان نیو انگلینڈ اور مڈ اٹلانٹک علاقوں میں بھی متوقع ہیں، جس سے سڑکیں بند اور روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔


















