وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق یو این ڈی پی کی ڈیجیٹل گورننس سے متعلق وفد کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں نادرا، احساس، پولیس انویسٹی گیشن، سرمایہ کاری بورڈ کو ڈیجیٹل کرنے سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
یو این ڈی پی وفد نے وزیراعظم کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعظم کو پانچ ترجیحی ڈیجیٹل انٹروینشنز پر بھی بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے یو این ڈی پی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور روڈ میپ کو سراہا۔
یو این ڈی پی وفد سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے پاکستان پرعزم ہے جبکہ گورننس کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجیز کا استعمال حکومتی پالیسیوں کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہےکہ وزیر اعظم عمران خان نے دو نیشنل کوآرڈینشن کمیٹیوں کے اجلاس بھی طلب کرلئے ہیں۔
نیشنل کوآرڈینشن کمیٹیز ہاؤسنگ اور ایس ایم ایز کے اجلاس آج ہونگے۔
این سی سی ہاؤسنگ میں نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم تعمیراتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ این سی سی ایس ایم ایز کے اجلاس میں سمال میڈیم انڈسٹریز کےلئے سہولیات اور منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔


















