حارث نواز نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جدید ہتھیاروں اور آلات کے ساتھ آپریشن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز اور آئی جی سندھ رفٹ مختار راجہ نے شکارپور کچے کے علاقہ کا دورہ کیا جہاں ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید سونارو جسکانی نے بریفنگ دی۔
حارث نواز نے کہا کہ ڈکیتیوں اور اغواء کی وارداتوں میں ملوث مجرمان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا جبکہ کچے اور پکے کے علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں کسی سردار کو گرفتار کرنا پڑا تو گرفتار کریں گے جبکہ مجرموں کے خلاف جو بھی ہتھیار استعمال کرنا ہے وہ استعمال کریں گے۔
نگراں وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ آپریشن میں پولیس کے ساتھ رینجرز اور پاک فوج حصہ لے گی جبکہ جرائم پیشہ افراد کا راستہ روکنے کے لیے پنجاب پولیس سے بھی مدد لی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجرموں کے سہولت کاروں اور مددگاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جدید ہتھیاروں اور آلات کے ساتھ آپریشن ہوگا۔
حارث نواز نے کہا کہ نگران حکومت اپنی مدت میں کچے کے علاقوں کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کر دیگی، کچے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو دس ہزار روپے علیحدہ کچہ الاؤنس دیا جائے گا اور اطلاع ملنے پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے گا۔
نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے مزید کہا کہ ایک بار پھر میں مجرموں سے کہتا ہوں کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اورقانونی دائرے میں آئیں،اپنے بچوں پر رحم کریں،انہیں قانون کے مطابق رعایت دی جائے گی۔
اس موقع پر جاوید جسکانی،ڈی آئی جی سکھر عبدالحمید کھوسو،ایس ایس پی شکارپور خالد مصطفی کورائی، اے ایس پی فضل شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















