بطور کپتان اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے شان مسعود نے سابق کپتان عمران خان اور ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز پر مشتمل دوسرے میچ کے دوران قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے آسٹریلیا میں مسلسل دو نصف سنچریاں بناکر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروالیا۔
آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شان مسعود نے 54 اور دوسری اننگز میں 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں وہ پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے 60 رنز اسکور کرگئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے 1983 میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں اور اب شان مسعود اتنے سالوں بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی کپتان بن چکے ہیں۔
اس سے قبل حنیف محمد نے 1964 میں یہ کارنامہ سرانجام دیا جب انہوں نے 104 اور 93 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ 1983 میں عمران خان نے 83 اور 72 رنز بناکر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود 2023 میں یہ کارنامہ سرانجام دیکر تیسرے پاکستانی کپتان بن چکے ہیں جب کہ آسٹریلیا کی سرزمین پر 2014 کے بعد پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائی ہوں، اس سے قبل ویرات کوہلی نے 2014 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔


















