جے یو آئی رہنما مولانا غفور حیدری کا کہنا ہے کہ ہماری اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے والوں کی نیندیں حرام کردیں گے۔
سیکرٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات میں جو دھاندلی ہوئی وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوئی، یہ انتخابات نہیں جعل سازی کی سلیکشن تھی، ہمارے امیدواروں کو بٹھانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈرامے کو قوم نے مسترد کردیا ہے، اب فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، ان کو آج تک اشاروں پر دم ہلانے والے ملے ہیں، اب جب میدان لگے گا تو آپ کو سمجھ لگ جائے گی۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جو ہمارے سامنے آئے گا وہ ملک و ریاست کا دشمن ہوگا، ہمارے سامنے آنے والا قرآن اور ناموس رسالت کا دشمن ہوگا، ہم نے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، مجھے ایک بڑے نے کہا کہ میں نے جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دینے کا کہا جب کہ میں نے انہیں کہا کہ تین ماہ پہلے بننے والی پارٹی کو کامیاب کروایا-
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ ہماری اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے والوں کی نیندیں حرام کردیں گے، پہلے کسی کو کرپٹ کہتے ہو جب اسی سے معاہدہ ہوجائے تو پھر اسے صاف شفاف قرار دیتے ہو، ہمیں ہروائیں بھی اور پھر بھی ہم کب تک پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہیں گے۔



















