
وزیراعظم کی بارش متاثرین کی امداد جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی امداد جلد اور شفاف انداز میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملک کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے تباہی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں این ڈی ایم اے کی جانب سے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد، قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور ریسکیو و امداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں نقصانات اور وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیوں و امدادی رقوم کی تقسیم کے بارے میں بتایا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے صوبوں بالخصوص بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل و جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کی تصدیق کیلئے جلد مشترکہ سروے مکمل کر لے گی۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر گوادر میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 66 ہزار کلو خشک راشن 24 مارچ تک تقسیم ہوگا جس میں سے 3 لاکھ 88 ہزار کلو راشن 16 مارچ تک تقسیم کر لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ اور دالبندین میں 97 ہزار کلو خشک راشن تقسیم کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ سروے جلد مکمل کرنے اور قدرتی آفات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ آئندہ تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت دے دی۔
وزیر اعظم نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں این ڈی ایم اے کو اپنی تکنیکی استعداد بڑھانے کے حوالے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو حکومتی امداد کی فراہمی جلد مکمل کی جائے۔
دوران اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے اور مشترکہ سروے کو مکمل کرکے امداد صرف اور صرف متاثرہ مستحقین کو ہی پہنچائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے نبٹنے اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کیلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے، حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو کسی قیمت اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات نے وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News