
پارک لین، توشہ خانہ ریفرنس: صدر مملکت کو صدارتی استثنیٰ مل گیا
پارک لین اور توشہ خانہ ریفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں صدر مملکت آصف زرداری کے خلاف کارروائی روک دی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں، ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی، درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں کیسز کی کرمنل کارروائی جاری نہیں رہ سکتی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی۔ آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس نہیں ہوسکتا اور نہ کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے، لہٰذا صدر مملکت آصف علی زرداری کی کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News