Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ماں بننے کے بعد زندگی میں کیا تبدیلی آئی؟ اداکارہ زارا نور عباس نے بتادیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ زارا نور عباس نے بتادیا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد اُن کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی ہے۔

حال ہی میں معروف زارا نور عباس نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر پوسٹ کیں جن میں اُن کی بیٹی ‘نورِ جہاں’ بھی موجود ہیں لیکن ان تصاویر میں اداکارہ نے بیٹی کا چہرہ نہیں دکھایا۔

تصاویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ یہ پیغام میری بیٹی نورِ جہاں کی بیماری کے دنوں کے نام ہے، وہ طبیعت ناسازی کی وجہ سے دیر رات تک جاگتی اور صبح جلدی اُٹھتی، ان دنوں میں میرے لیے سب سے اہم میری بیٹی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرے والدین کے علاوہ بھی میرے زندگی میں کوئی اہم ہوسکتا ہے لیکن اب ماں بننے کے بعد احساس ہوا ہے کہ میری زندگی میں سب سے اہم میری بیٹی ہے، میں اپنے جذبات الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ نورِ جہاں نے مجھے بہادر اور اپنا محافظ بنایا ہے، میں اپنی بیٹی سے اس قدر محبت کرتی ہوں کہ اُس کی خاطر سب کچھ کرلوں گی۔

زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ میں نورِ جہاں کا چہرہ جلدی نہیں دکھاؤں گی کیونکہ نظر لگ جائے گی لہٰذا جب تک آپ صرف بچی کی اماں کو برداشت کریں۔

یاد رہے کہ رواں سال 27 مارچ کو زارا نور عباس اور اسد صدیقی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے نورِ جہاں رکھا۔