وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردعمل افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاونڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن کیس ہے، دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والا تاریخ کا سب سے بڑا چور نکلا، بانی پی ٹی آئی کرپشن کے مجرم ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردعمل افسوسناک ہے، چوری اور ڈاکے کے پیسے سے مسجد بنا دینے سے جرم معاف نہیں ہو سکتا، کیا چوری اور ڈاکے کی رقم حلال ہو سکتی ہے، نہیں ہو سکتی، یہ ایک انتہائی افسوس ناک اور صدمے والا دن ہے، ہمارے نوجوانوں کے ساتھ ایک دھوکہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خیرات کے نام سے فنڈز سیاسی انتخابی مہم میں استعمال کئے، بانی چیئرمین یا وکیل نے آج تک الزام لگانے والے اخبار کو نوٹس نہیں بھیجا، بانی پی ٹی آئی نے خیرات اور چیئرٹی کے پیسوں کو سیاسی مہم کیلئے استعمال کیا، ان کو جرت نہیں کہ فنانشل ٹائمز کیخلاف کارروائی کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ برطانیہ میں مقدمہ کرتے تو وہاں بھی ان کی بددیانتی پر مہر لگ جاتی، بانی پی ٹی آئی کا مقصد لوگوں کو دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کرنا تھا، بانی پی ٹی آئی ایک سرٹیفائیڈ کرپٹ شخص ہیں، 64 ارب سے ملک میں ہزاروں اسکول، یونیورسٹیاں قائم ہو سکتی تھیں، اس سے کئی ہزار نوجوانوں کو بہترین تعلیم دی جا سکتی تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کا پیسہ اڑایا گیا، انہیں چوری پکڑے جانے پر سزا ہوئی ہے، برطانیہ نے جو 64 ارب دیا وہ قومی خزانے میں جانا چاہئے تھا، بانی پی ٹی آئی نے دوست کو ادا کرکے مالی فائدہ حاصل کیا، ایک یونیورسٹی بنانے کیلئے یونیورسٹی کا ناٹک کیا گیا، سیرت پڑھانے کیلئے حلال کی کمائی سے بہت سے ادارے قائم ہیں، چوری اور ڈاکے کے پیسے سے ادارہ قائم کرنا سیرت نبوی کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس مذہبی ٹچ کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، آپ خوش قسمت ہیں اپیل کے دو ذریعے آپ کے پاس موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی نے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے میک اپ کیا ہوا تھا، بانی پی ٹی آئی کے اپنے ساتھیوں نے گواہیاں دیں، شواہد کی بنیاد پر فیصلہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دستاویزی حقیقت ہے کہ برطانیہ نے 64 ارب روپے پاکستان کو لوٹایا، یہ دستاویزی حقیقت موجودہ ہے کہ پیسہ پاکستان کے خزانے میں نہیں گیا، یہ حقیقت موجود ہے پیسہ اس کے دوست کے اکاونٹ میں ڈالا گیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ یہ 64 ارب کا ڈاکا دنیا کی تاریخ میں میگا کرپشن کیا ہے، بانی پی ٹی آئی سے دھوکہ کھانے والے اب ہمارا ساتھ دیں، پاکستان کی ترقی کی اڑان میں شامل ہونے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

















