Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلاول بھٹو نے علاقائی امن کیلیے افغان حکام کو اہم مشورہ دے دیا

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکام کو علاقائی امن و استحکام کے مفاد میں تحمل اور ذمہ داری کے مظاہرے کا مشورہ دیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ افغان فورسز کی جانب سے بلااشتعال جارحیت نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ مشترکہ خوشحالی کے لیے جاری اجتماعی کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے افغان فوج کے حملے کا جواب عزم، برداشت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دیا، جو کہ ایک ذمہ دار ریاست کا رویہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری، ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائی کی جائے، کیونکہ یہ گروہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں رہا ہے، اور ہم طالبان قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ علاقائی امن کے لیے عملی اور نتیجہ خیز مذاکرات کا حصہ بنیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات رکھنا پاکستان کی مستقل خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عبوری افغان حکومت کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت نہ صرف خطے بلکہ وسیع تر دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔

متعلقہ خبریں