Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلامک یکجہتی گیمز؛ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا

ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی سب سے طویل تھرو کے ساتھ تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

سعودی عرب میں جاری مقابلوں کے فائنل میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی سب سے طویل تھرو کے ساتھ تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا اور مسلسل دوسری مرتبہ اسلامی یکجہتی گیمز میں طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

جیولن تھرو مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 75.44 میٹر کی تھرو کے ساتھ برتری حاصل کی جبکہ پاکستان کے ہی ایتھلیٹ یاسر سلطان نے 70.32 میٹر کی تھرو کی۔

دوسرے راؤنڈ میں ارشد نے اپنی برتری مزید بڑھاتے ہوئے 83.05 میٹر کی شاندار تھرو کی جبکہ یاسر سلطان کی تھرو 74.43 میٹر رہی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم فائنل میں میڈل حاصل نہ کرسکے

 تیسرے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 82.48 میٹر کی ایک اور مضبوط تھرو کی جبکہ یاسر سلطان نے 72.82 میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر پوزیشن برقرار رکھی۔

چوتھے راؤنڈ میں ارشد ندیم کی تھرو 77.06 میٹر رہی جبکہ یاسر سلطان نے 73.78 میٹر پھینکا۔ مقابلے کے اختتام تک ارشد سب سے آگے رہے اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا۔

فائنل میں پاکستان کے یاسر سلطان نے سلور میڈل حاصل کیا، جو پاکستان کے لیے اس ایونٹ کا پہلا گولڈ اور سلور ہے۔

اس سے قبل باکسنگ میں پاکستانی ایتھلیٹس 2 برانز میڈل اپنے نام کر چکے ہیں، یوں گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی مجموعی تعداد چار ہوگئی ہے۔