Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہم جماعت کے دوسرے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

دہم جماعت کے دوسرے سالانہ امتحان میں 7 ہزار 204 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے دہم جماعت کے سیکنڈ اینول امتحان 2025 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 16 ہزار 156 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 7 ہزار 204 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے جبکہ اس دوران مجموعی کامیابی کا تناسب 44.59 فیصد رہا۔

سائنس گروپ میں شریک امیدوار 14,662، کامیاب طلبہ 6,517 اور کامیابی کی شرح 44.45 فیصد رہی جبکہ ہیومینیٹیز (آرٹس) گروپ میں شریک امیدوار 1,494، کامیاب امیدوار 687 اور کامیابی کی شرح 45.98 فیصد رہی۔

امتحانات کے انعقاد کے لیے 33 امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جن میں7 خواتین، 17 مردانہ اور 9 مشترکہ مراکز شامل تھے۔

امتحانی ڈیوٹی کے لیے 14 ڈی آئیز، 33 آر آئیز، 33 سپرنٹنڈنٹس اور 42 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس تعینات کیے گئے جبکہ 345 انویجیلیٹرز اور 31 موبائل انسپکٹرز بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

مزید پڑھیں: پری میڈیکل و انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

بورڈ کو نقل اور بے قاعدگیوں کے 6 کیسز موصول ہوئے، جن میں سے 4 کیسز کے فیصلے کرتے ہوئے سزائیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کیسز زیرِ التوا ہیں۔

نتائج کے اعلان کے موقع پر چیئرمین بورڈ، کمشنر اور سیکرٹری بورڈ نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت کو سراہا۔

دوسری جانب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے بھی سیکنڈ اینول سیکنڈری اسکول امتحان 2025 کے نتائج جاری کر دیے۔

اس حوالے سے لاہور بورڈ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکریٹری بورڈ رضوان نزیر کی موجودگی میں کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے باضابطہ طور پر رزلٹ کا اعلان کیا۔

امتحانات میں مجموعی طور پر 54 ہزار 756 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 24 ہزار 873 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

اعلان کردہ اعداد و شمار کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 45.43 فیصد رہا۔