Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت مل گئی، پیپلزپارٹی پر انحصار ختم

کراچی : ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی تمام چھ نشستیں جیتنے کے بعد مسلم لیگ ن کا پیپلزپارٹی پر انحصار ختم ہوگیا ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر ہونے والے تمام ضمنی انتخاب جیت لیے ہیں، جس کے بعد مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں میدان مارلیا، پیپلزپارٹی ایک سیٹ پر فاتح

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ایوان 336 اراکین پر مشتمل ہے، قومی اسمبلی کے ایوان میں سادہ اکثریت کے حصول کے لیے کسی بھی جماعت کو 169 اراکین کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔

اس وقت مسلم لیگ (ن) کی نشستیں 126 ہیں جبکہ 6 نشستیں جیتنے کی صورت میں یہ تعداد 132 تک پہنچ جائے گی، ایم کیو ایم کی 22،مسلم لیگ ق کی 5، استحکام پاکستان پارٹی کی4 ،مسلم لیگ ضیاء،باپ ،نیشنل پارٹی کی ایک ایک اور چار آزاد اراکین کی حمایت کے ساتھ مجموعی تعداد 170 ہو جائیگی جبکہ سادہ اکثریت کیلئے ایوان میں 169 اراکین درکار ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی نے 27 ویں مجوزہ آئینی ترمیم کی کن شقوں پراتفاق نہیں کیا؟

قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت کے حصول کے بعد حکومت سازی اور حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے اب مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی کی محتاج نہیں رہی ہے، اب مسلم لیگ ن اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی کے بغیر بھی اپنی حکومت برقرار رکھ سکتی ہے۔

البتہ قانون سازی کے لیے حکومتی اتحاد کو بدستور پیپلزپارٹی کی ضرورت رہے گی۔

متعلقہ خبریں