کراچی: سندھ میں 18 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد ہونے جارہا ہے، جو 6 سے 13 دسمبر تک منعقد ہوں گے۔
وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کراچی میں 6 سے 13 دسمبر تک منعقد ہوں گے۔ یہ سندھ میں 18 سال بعد ہونے والا نیشنل گیمز ہے، جس پر صوبے کے لوگوں کو فخر ہے۔
مزید پڑھیں: 33ویں نیشنل گیمزکےمقابلےاختتام کی جانب گامزن
وزیر کھیل نے کہا کہ نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مہمان خصوصی ہوں گے اور تقریب میں 11 ہزار دستے شرکت کریں گے۔
انہوں نے سندھ کے عوام سے درخواست کی کہ وہ بھرپور شرکت کریں اور اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 6 دسمبر کو شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک میوزیکل پروگرام بھی منعقد ہوگا، جس سے افتتاحی تقریب کی رونق میں اضافہ ہوگا۔
وزیر کھیل نے مزید کہا کہ سندھ نے گزشتہ نیشنل گیمز (بلوچستان) میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور اس بار بھی امید ہے کہ سندھ کے نوجوان نمبر ون آئیں گے۔
مزید پڑھیں: پی او اے کا ہنگامی اجلاس، نیشنل یوتھ اور نیشنل گیمز 2025 کی تیاریوں میں تیزی
انہوں نے بتایا کہ اختتامی تقریب 13 دسمبر کو ہوگی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور قومی سطح پر مقام حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔




















