غزہ: اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فورسز مزید 357 فلسسطینیوں کو شہید کرچکی ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق غزہ کی وزارتِ صحت اور حکومتی میڈیا آفس نے بتایا ہے کہ جنگ بندی کے 50 دنوں کے دوران بھی اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں، جن میں 357 فلسطینی شہید کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کا فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار
مغربی کنارے میں منگل کے روز دو فلسطینی نوجوان اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں نے کار ریمِنگ اور چاقو حملے کی کوشش کی تھی، تاہم فلسطینی ذرائع اس دعوے کو متنازع قرار دیتے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے گزشتہ روز پیش کیے گئے شواہد غزہ میں موجود باقی قیدیوں کی لاشوں سے متعلق نہیں ہیں۔
اسرائیل کے مطابق ان شواہد کا کسی بھی لاپتہ یا قید اسرائیلی شہری سے براہِ راست تعلق نہیں بنتا۔
مزید پڑھیں: جنگ مخالف برطانوی تنظیمیں فلسطینیوں کے حق میں لندن کی سڑکوں پر نکل آئیں
ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل سے متعلق قرارداد منظور کرلی ہے، جس میں فریقین سے کشیدہ صورتحال کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جاری جنگ نے غزہ میں تباہی کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ اکتوبر 2023 سے اب تک 70 ہزار 100 فلسطینی شہید جبکہ 1 لاکھ 70 ہزار 965 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل میں 7 اکتوبر کے حملوں میں 1 ہزار 139 افراد ہلاک اور تقریباً 200 یرغمال بنائے گئے تھے۔A


















