Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یونیورسل سروس فنڈ کے تحت 13.05 ارب روپے کے نئے ٹیلی کام منصوبوں کی منظوری

منصوبوں سے دیہی آبادی کو ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کے نئے مواقع میسر آئیں گے

یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت 13.05 ارب روپے مالیت کے ٹیلی کام منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منصوبے ملک کے 11 اضلاع کے 753 موضع اور 178 ٹاؤنز/یونین کونسلوں میں 5.55 ملین غیر خدمات یافتہ اور کم خدمات رکھنے والے رہائشیوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور صوتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

جس سے دیہی آبادی کو ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ منظوری یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 101ویں اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت چیئرمین بورڈ و سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ضرار ہاشم خان نے کی۔

 اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم، آزاد بورڈ ممبران محمد یوسف اور عائلہ مجید، سی ای او یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

منظور شدہ منصوبے

براڈبینڈ (NGBSD) منصوبے

6منصوبوں کے ذریعے سات اضلاع کے 753 موضع میں مجموعی طور پر 12,67,225 افراد کو تیز رفتار براڈبینڈ اور وائس سروسز فراہم کی جائیں گی۔

عمرکوٹ (سندھ) — 914.6ملین روپے

142 موضع کے 243,695 افراد مستفید ہوں گے۔

گوجرانوالہ اور منڈی بہاؤالدین (پنجاب) — 737.3 ملین روپے

160 موضع کے 234,573 رہائشیوں تک خدمات پہنچائی جائیں گی۔

کوہاٹ (کے پی) — 359.3 ملین روپے

24 موضع کے 41,404 افراد کو کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔

خضدار (بلوچستان) — 2.94 ارب روپے

144 موضع اور 75,637 رہائشیوں کو تیز رفتار براڈبینڈ کی سہولیات ملیں گی۔

مظفرگڑھ (پنجاب) — 1.50 ارب روپے

138 موضع کے 498,927 افراد کو سروسز فراہم کی جائیں گی۔

مانسہرہ (کے پی) — 1.36 ارب روپے

145 موضع کے 172,989 رہائشیوں کو جدید سہولیات حاصل ہوں گی۔

آپٹیکل فائبر نیٹ ورک (OFC) کی توسیع

تین منصوبوں کے ذریعے چار اضلاع کی 178 ٹاؤنز/یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 1,428 کلومیٹر فائبر بچھایا جائے گا۔

سیالکوٹ — 1.64 ارب روپے

488 کلومیٹر OFC، 75 یونین کونسلیں، 2.29 ملین آبادی مستفید۔

نارووال — 1.51 ارب روپے

447 کلومیٹر OFC، 66 یونین کونسلیں، 1.14 ملین رہائشیوں کے لیے کنیکٹیویٹی۔

کوئٹہ–زیارت (بلوچستان) — 2.06 ارب روپے

493 کلومیٹر OFC، 37 یونین کونسلیں، 858,783 آبادی کو تیز رفتار روابط میسر۔

حکومتی عزم اور کنیکٹیویٹی کا فروغ

چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ضرار ہشام خان نے ملک بھر میں موبائل ٹاورز اور بیس ٹرانسیور اسٹیشنز کی فائبرائزیشن کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شازہ فاطمہ خواجہ کے وژن کے مطابق شہری و دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل خلیج ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف نے اب تک ملک بھر کے تقریباً 39.4 ملین دیہی شہریوں کو براڈبینڈ، وائس اور فکسڈ لائن خدمات تک رسائی فراہم کی ہے۔

سی ای او یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید نے اجلاس میں منصوبوں کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شفاف بولی کے عمل کے بعد کم ترین بولی دینے والے فراہم کنندگان کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ منصوبے متعلقہ علاقوں کی معیشت اور سماجی ترقی پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔