کراچی: 23ویں فارما ایشیا نمائش و کانفرنس 2025 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی بدولت نمائش میں شرکاء کی ریکارڈ توڑ شرکت اور شاندار کاروباری معاہدوں نے تاریخ رقم کردی، 3 روزہ نمائش میں 27 ہزار سے زائد فارما انڈسٹری کے پروفیشنلز نے شرکت کی۔
نمائش نے 170 ملین ڈالر سے زائد کے کاروباری معاہدے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جبکہ 10 ممالک سے 200 سے زائد غیر ملکی نمائش کنندگان نے بھی بھرپور شرکت کی۔
نمائش میں چین، اٹلی، ترکیہ، سوئٹزرلینڈ اور اسپین کی کمپنیاں جدید مصنوعات کے ساتھ شریک ہوئیں، چین نے سب سے بڑا بین الاقوامی پویلین قائم کرکے اپنی مضبوط فارما انڈسٹری کی موجودگی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: 23ویں فارما ایشیا نمائش کے دوسرے روز کراچی ایکسپو سینٹر میں کامیاب تکمیل
نمائش میں جدید مشینری، خام مال، پیکجنگ حل اور کوالٹی کنٹرول ٹیکنالوجیز پیش کی گئیں، تجارتی معاہدوں میں اضافہ پاکستان کے 10 بلین ڈالر برآمدات ہدف کی جانب مضبوط پیش قدمی کا عکاس ہے۔
کانفرنس کے آخری روز ‘ ڈریپ’ کا اہم سیشن شرکاء کی توجہ کا مرکز رہا جبکہ پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے قائم مقام چیئرمین کامران ناصر کی جانب سے ایس آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کی گئی۔
ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے نائب صدر فرحان انیس نے فارما سیکٹر کی بھرپور شرکت کو سراہا جبکہ شرکاء نے ایس آئی ایف سی کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث، بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا اعتراف کیا۔
نمائش میں شرکاء کی بھرپور شرکت، عالمی دلچسپی اور جدید ٹیکنالوجی نے پاکستان کی فارما انڈسٹری کی عالمی اہمیت کو تقویت دی۔














