Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فخر زمان کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا

فخر زمان نے اپنا غلط رویہ تسلیم کرلیا جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو ٹرائی سیریز کے فائنل میچ میں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا دے دی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق فخر زمان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فخر زمان نے میچ کے 19 ویں اوور میں آن فیلڈ امپائرز کے فیصلے پر طویل احتجاج کیا جو کہ آرٹیکل 2.8 کے تحت ’’امپائر کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار‘‘ کی شق کی خلاف ورزی ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فخر زمان امپائرز سے فیصلے کے خلاف مسلسل گفتگو کرتے رہے جسے میچ آفیشلز نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا۔

فخر زمان نے اپنا غلط رویہ تسلیم کرلیا جس کے باعث اس معاملے میں باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

میچ ریفری ریون کنگ نے سزا تجویز کی جب کہ امپائر احسن رضا، آصف یعقوب، راشد ریاض اور فیصل آفریدی نے ان پر باضابطہ چارج عائد کیا۔

آئی سی سی کے مطابق لیول ون خلاف ورزی میں کم از کم سزا سرزنش (وارننگ) جب کہ زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ فخر زمان کا 24 ماہ میں یہ پہلا جرم ہے جب کہ چار ڈی میرٹ پوائنٹس جمع ہونے کی صورت میں کھلاڑی کو خودکار معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔