صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
صدر آصف زرداری نے سندھی ثقافت کے دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 1936 میں بمبئی پر یزیڈنسی سے علیحدگی کے بعد اس نے ایک منفرد آئینی و تہذیبی شناخت قائم کی، سندھ وہ پہلا صوبہ تھا جس کی اسمبلی نے قیامِ پاکستان کی قرارداد منظور کر کے تاریخ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اردو بولنے والوں کی بڑی تعداد آباد ہے جو اسے باہمی ہم آہنگی اور وسعتِ نظر کی روشن مثال بناتی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ سندھی زبان ملک کی ترقی یافتہ ترین زبانوں میں شمار ہوتی ہے جہاں درجنوں روزنامے، ٹی وی چینلز اور ریڈیو اس کی مضبوط روایت کے امین ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سندھ ثقافت ڈے ہمیں رواداری، تکثیریت اور پرامن بقائے باہمی جیسی تہذیبی اقدار کے فروغ کے بارے میں یاددہانی کراتا ہے، سندھ کی ثقافت برداشت، امن اور قومی یکجہتی کی علامت ہے جسے نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: کھیل ہو یا ثقافت، مودی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب، ویڈیو دیکھیں




















