Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں تاریخ ساز پی ایس ایل روڈ شو، محسن نقوی کے بڑے اعلانات

پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کا نیا ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے، پی سی بی چیئرمین

لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ کے تاریخ ساز پی ایس ایل روڈ شو کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل اور پاکستانی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم اعلانات کیے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون ٹی20 لیگ بنانا ہمارا مشن ہے اور اس مقصد کے لیے پی سی بی بھرپور حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں عالمی معیار کا جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا جبکہ مظفرآباد میں بھی انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کا کرکٹ اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کی منظوری کے بعد مارکیٹ میں آئی پی او لانچ کیا جائے گا، جس سے سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل 11 کے آغاز (دسمبر) تک ملک بھر کے تمام وینیوز پر شائقین کرکٹ کے لیے کنسرٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ لیگ کا عالمی تاثر مزید مضبوط ہو۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل اب ایک مستحکم بین الاقوامی برانڈ بن چکا ہے اور اس کی عالمی براڈکاسٹ ریچ بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کا نیا ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پی سی بی کے نئے پلیٹ فارم “PCB Live” او ٹی ٹی کے اجراء کا بھی اعلان کیا، جسے دنیا بھر کے شائقین تک رسائی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کے لیے 5 لاکھ ڈالرز جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے 3 لاکھ ڈالرز انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بہترین کرکٹ ڈیولپمنٹ کرنے والی فرنچائز کو بھی 2 لاکھ ڈالرز انعام دیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاروں کے لیے اب پہلے سے کہیں زیادہ بڑے اور منافع بخش مواقع موجود ہیں اور یہ لیگ عالمی سطح پر مزید وسعت حاصل کرے گی۔