لاہور: پاکستان پولیس ایتھلیٹس نے 35 ویں نیشنل گیمز کراچی 2025 میں تائیکوانڈو ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 برونز میڈلز اپنے نام کر لیے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس ایتھلیٹس کی یہ کامیابی محکمے کے لیے باعث فخر ہے۔
ترجمان کے مطابق پرویز احمد اور ارم خانم نے انڈر 50 کیٹگری میں برونز میڈل جیتا، جبکہ انعم خالد نے انڈر 40 کیٹگری میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے برونز میڈل حاصل کیا۔
مزید پڑھیں: سندھ میں 18 سال بعد 35 ویں نیشنل گیمز کا انعقاد
ادھر فضیلت بی بی اور عالیہ کی جوڑی نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے برونز میڈل جیتا، اور انعم خالد، فضیلت بی بی اور عالیہ نے ٹیم کیٹگری میں بھی برونز میڈل اپنے نام کیے۔ اوور 30 کیٹگری میں بھی پولیس ایتھلیٹس نے خوب کارکردگی دکھائی۔
عبدالوحید اور ذیشان حسن نے اوور 30 مرد کیٹگری میں برونز میڈل حاصل کیا، جبکہ محمود عظمت اور انعم خالد کی جوڑی نے اوور 30 کیٹگری میں برونز میڈل جیتا۔
صدر پاکستان پولیس اسپورٹس بورڈ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میڈلز جیتنے والے پولیس ایتھلیٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی کارکردگی محکمہ کے لیے باعث فخر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس اسپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف اسپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی فاتح ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ کامیابی نہ صرف پولیس ایتھلیٹس کی محنت اور عزم کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے شعبے میں پولیس کی استعداد اور لگن کو بھی اجاگر کرتی ہے۔


















