اسلام آباد ہائی کورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی 10 دن کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج ہے، لہٰذا انہیں 15 روز کی راہداری ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ عدالت سے رجوع کرسکیں۔
عدالت نے استدعا جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ 10 دن کی راہداری ضمانت دی جا رہی ہے، اس دوران ملزمان متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں یوٹیوبرز کو 10 روز کے اندر اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم جاری کردیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کے کیسز میں رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت نے ملزمان کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی تھی۔
مزید پڑھیں: برطانیہ سے بےدخلی کے بعد رجب بٹ پاکستان واپس پہنچ گئے
عدالت میں درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل وطن واپس آکر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں حفاظتی ضمانت دی جائے۔
















