Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جاپان میں 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد میگا زلزلے کی ایڈوائزری جاری

ٹوکیو: جاپان نے شمالی علاقوں میں 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد میگا زلزلہ ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ 8 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے کا امکان صرف ایک فیصد کے قریب ہے، اس کے باوجود عوام کو مکمل تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان کے مرکزی جزیرے ہونشو کے شمالی صوبے آوموری کے مشرقی ساحل کے قریب 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں 34 افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ سڑکوں اور عمارتوں کو بھی محدود نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: جاپان میں انسان کو نہلا دھلا کر صاف ستھرا کرنے والی ’’لانڈری مشین‘‘ تیار

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد جاری کی گئی ایڈوائزری کسی بڑے زلزلے کی پیش گوئی نہیں، بلکہ اس کا مقصد عوام کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر تیار رکھنا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ ایک ہفتے کے دوران 8 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے کا خطرہ قدرے بڑھا ہوا ہے، خاص طور پر ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی (JMA) کے مطابق یہ خطہ بحرالکاہل کی پلیٹ سے جڑا ہے، جہاں جاپان ٹرنچ اور چیشیما ٹرنچ واقع ہیں، جو ماضی میں تباہ کن زلزلوں کا باعث بنتے رہے ہیں۔

 2011 میں آنے والا 9.0 شدت کا مہلک زلزلہ بھی اسی نظام سے منسلک تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

حکام نے یاد دلایا کہ 2011 کا تباہ کن زلزلہ بھی 7.3 شدت کے ایک زلزلے کے صرف دو دن بعد آیا تھا، اسی لیے احتیاطی اقدامات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: چین اور جاپان کے درمیان سنگین فوجی کشیدگی، ریڈار لاک، سخت سفارتی احتجاج

سرکاری اندازوں کے مطابق اگر ہکا ئیدو–سانریکو کے علاقے میں میگا زلزلہ آیا تو 30 میٹر تک سونامی، تقریباً 1 لاکھ 99 ہزار اموات، 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد عمارتوں کی تباہی اور 31 ٹریلین ین (198 ارب ڈالر) تک کا معاشی نقصان ہو سکتا ہے۔

ایڈوائزری کے تحت ہکا ئیدو سے چیبا تک 182 میونسپلٹیز شامل ہیں۔ حکام نے زور دیا ہے کہ اس ایڈوائزری کا مطلب یہ نہیں کہ کسی مخصوص وقت یا مقام پر زلزلہ یقینی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزمرہ معمولات جاری رکھتے ہوئے احتیاط کریں، ایمرجنسی بیگ تیار رکھیں جس میں چند دن کا سامان، جوتے اور ہیلمٹ شامل ہوں، اہلِ خانہ کے ساتھ انخلا کے طریقۂ کار پر بات کریں اور فرنیچر کو دیوار یا فرش کے ساتھ مضبوطی سے باندھ دیں۔