پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے دوران زبردست اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ معمولی مندی کا شکار رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 4 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 169,451 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دن بھر کی ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس نے 1 لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل بھی عبور کیا، جبکہ بلند ترین سطح 170,697 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: سونے کی قیمت میں آج پھر نمایاں کمی؟ فی تولہ کتنے کا ہوگیا
مارکیٹ میں آج 33 ارب روپے مالیت کے 49 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 560 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 251 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 188 میں کمی جبکہ دیگر کے ریٹس مستحکم رہے۔
گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس 169,456 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
سرمایہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں تیزی اور مندی کا ملا جلا رجحان موجود ہے، جبکہ تاریخی سطح کے عبور نے سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

















