Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طاقتور اے آئی ماڈلز سائبر سیکیورٹی کے لیے نیا اور سنگین خطرہ قرار

اس طرح کے حملے سے ڈیٹا چوری اور دیگر سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ، ماہرین کی رائے

طاقتور اے آئی ماڈلز سائبر سیکیورٹی کے لیے نئے اور سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں ۔ اوپن اے آئی نے خبردار کردیا۔

کمپنی کے مطابق ان ماڈلز کی بڑھتی ہوئی صلاحیتیں نہ صرف سسٹمز کی کمزوریوں کو بڑھا سکتی ہیں  بلکہ یہ پیچیدہ اور صنعتی نوعیت کے حملوں کو بھی فروغ دے سکتی ہیں۔

ان ماڈلز کا استعمال زیرو ڈے کمزوریوں کے فائدے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ زیرو ڈے کمزوری وہ سیکیورٹی خرابی ہے جو سسٹم یا سافٹ ویئر میں موجود ہوتی ہے اور اس کا علم سسٹم بنانے والی کمپنی یا ڈیولپر کو نہیں ہوتا۔

چونکہ یہ خامی پوشیدہ ہوتی ہے، اس لیے کوئی حفاظتی اپڈیٹ یا پَیچ دستیاب نہیں ہوتا۔

ہیکرز اس کا فائدہ اٹھا کر سسٹمز میں بغیر اجازت داخل ہو سکتے ہیں، حساس معلومات چُرا سکتے ہیں، یا پورے سسٹم کو متاثر کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، رپورٹ میں پرومپٹ انجیکشن کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اے آئی ماڈلز کو صارفین کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس طرح کے حملے سے ڈیٹا چوری اور دیگر سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

اوپن اے آئی نے یہ بھی کہا ہے کہ ان ماڈلز کی صلاحیتوں کا بڑھنا صرف براؤزر سیکیورٹی تک محدود نہیں، بلکہ پورے نظام کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

اوپن اے آئی نے مزید کہا کہ کمپنی جلد ہی ایک پروگرام شروع کرنے والی ہے جس کا مقصد صارفین اور سیکیورٹی ماہرین کے لیے سگمنٹڈ پرمیشنز فراہم کرنا ہوگا تاکہ سائبر ڈیفنس کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔