Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دونوں ممالک کو مشترکہ اہداف کے لیے عملی پیش رفت جاری رکھنی چاہیے

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور علاقائی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران تجارتی حجم بڑھانے، سرحدی منڈیوں کو فعال کرنے اور دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید توسیع دینے کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ اہداف کے لیے عملی پیش رفت جاری رکھنی چاہیے۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعظم نے افغانستان میں موجود سنگین سیکیورٹی خدشات کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت ان خطروں کے خاتمے کے لیے بامعنیٰ اور مؤثر کارروائی کرے۔

غزہ میں جاری انسانی بحران اور امن کوششوں کے حوالے سے بھی دونوں رہنماؤں نے گفتگو کی اور عالمی برادری سے فوری کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

آخر میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔