Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان دشمن سیاسی عناصر کی ایک اور سازش بے نقاب

سوشل میڈیا پر جھوٹ اور جعلی خبریں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں،نادرا

اسلام آباد: پاکستان دشمنی میں مبتلا مخصوص سیاسی عناصر کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔

پاکستان دشمنی میں مبتلا مخصوص سیاسی عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر نادرا سے منسوب ایک مبینہ امتیازی نوٹس کے حوالے سے پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے لسانی بنیادوں پر امتیازی سلوک کے الزام کو سراسر جھوٹ اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔

نادرا کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ٹوئٹ سامنے آئی جس میں کسی مخصوص طبقے کے خلاف مبینہ نوٹس کا دعویٰ کیا گیا جو کہ جعلی خبر ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ادارے نے واضح کیا کہ پاکستان بھر میں نادرا کے کسی بھی دفتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس نہ تو آویزاں کیا گیا ہے اور نہ ہی جاری کیا گیا ہے۔

وضاحتی بیان میں نادرا نے کہا کہ ادارہ اپنے قومی مینڈیٹ کے تحت ملک کے تمام شہریوں کو بلا کسی امتیاز، نسل، زبان یا علاقے کے خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی تفریق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

نادرا نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ مذکورہ ٹوئٹ کے ذریعے دانستہ طور پر حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ عوام میں اشتعال اور بداعتمادی پیدا کی جا سکے۔ ادارے کے مطابق یہ من گھڑت مہم پاکستان میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور جعلی خبریں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جائے اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت کو ہوا دی جاسکے۔

نادرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور مستند ذرائع سے ہی خبروں کی تصدیق کریں۔

نادرا کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر جھوٹ اور فریب کے ذریعے پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم ریاستی ادارے ایسی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے چوکس اور متحرک ہیں۔