واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز امریکی قوم سے خطاب کریں گے، جس میں وہ اپنی کامیابیوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز امریکی قوم سے خطاب کریں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ اپنے خطاب میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ آئندہ تین سال میں امریکہ کے لیے بہت کچھ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور آنے والے عرصے میں اہم پالیسی اقدامات متوقع ہیں۔
علاوہ ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سڈنی میں ہونے والے خطرناک حملے کی مذمت کی اور ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے وہ دعاگو ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی قوم متحد کھڑی ہے اور ایسے واقعات کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو تباہ کر دیا ہے، جس سے عالمی سلامتی کو تقویت ملی ہے۔
امریکی صدر نے امریکی کانگریس میں یہودی مخالف لابیز کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں اسرائیل کی حمایت میں بھی کمی آئی ہے، تاہم ان کے بقول امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح کرنے کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے، جبکہ 59 ممالک بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔
ان کے مطابق حماس نے اسرائیلی قیدیوں اور لاشوں کو بھی حوالے کیا ہے، جو امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔




















