Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آپریشن سندور کا سچ سامنے آ گیا، سابق بھارتی وزیر اعلیٰ نے بھانڈا پھوڑ دیا

خوف کے باعث بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما پرتھوی راج چوہان کے ایک بیان نے بھارتی سیاست اور دفاعی حلقوں میں تہلکہ مچا دیا ہے۔

 انہوں نے کھلے الفاظ میں تسلیم کیا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے پہلے ہی دن جنگ ہار چکا تھا۔

ایک پریس کانفرنس میں پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ 7 مئی کو محض آدھے گھنٹے کی فضائی جھڑپ میں بھارتی طیارے مار گرائے گئے، جس کے بعد عملی طور پر جنگ کا نتیجہ سامنے آ گیا۔

 ان کے مطابق اسی خوف کے باعث بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا کیونکہ انہیں دوبارہ فضا میں بھیجنا مزید نقصان کا باعث بن سکتا تھا۔

کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور کے دوران زمینی سطح پر فوج نے ایک کلومیٹر تک پیش قدمی نہیں کی، اور دو تین دن کی تمام کارروائی صرف فضائی حملوں اور میزائلوں تک محدود رہی۔ ان کے بقول مستقبل کی جنگیں بھی اسی نوعیت کی ہوں گی۔

انہوں نے ایک اور متنازع سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر جنگیں اسی طرز پر لڑی جانی ہیں تو کیا واقعی بھارت کو 12 لاکھ فوجیوں پر مشتمل اتنی بڑی فوج کی ضرورت ہے؟ یا انہیں کسی اور قومی کردار میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پرتھوی راج چوہان نے اپنے بیان سے معذرت کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔