امریکی میڈیا اسٹار کائلی جینر نے اپنا ہی گھر “آسیب زدہ” قرار دیدیا ۔ اس انکشاف نے نہ صرف ان کے مداحوں کوحیران کردیا بلکہ سوشل میڈیا پربھی بحث چھڑ گئی۔
یہ انکشاف کائیلی جینر نے مشہور ریئلٹی شو دی کارڈیشینز کے سیزن 7 کی تازہ قسط میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ گھر میں مافوق الفطرت مخلوق کے اثرات ہیں۔
جینر کے مطابق وہاں عجیب و غریب آوازیں سنائی دیتی ہیں۔
کائلی اپنی والدہ کرس جینر اور اسکاٹ ڈسک سے گفتگو کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں اس معاملے میں واقعی مدد کی ضرورت ہے۔
غیبی آوازوں کا انکشاف
کائلی جینر نے بتایا کہ ان کے گھر میں پہلے پہل دیواروں سے زور زور کی آوازیں آنا شروع ہوئیں۔جیسے کوئی چیز ٹکرا رہی ہو یا گر رہی ہو۔
کرس جینر نے اس پر سوال کیا کہ آیا یہ آوازیں برتنوں یا دروازوں پر دستک جیسی ہیں۔ لیکن اسکاٹ ڈسک نے قیاس کیا کہ شاید کوئی پائپ خراب ہو۔
تاہم کائلی نے تمام قیاس آرائیوں کو رد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آوازیں بالکل ایسی ہوتی ہیں جیسے کوئی شخص گر پڑا ہو، اور یہ بغیر کسی ترتیب کے آتی ہیں۔
View this post on Instagram
آوازوں کا تسلسل اور کینڈل جینر کا خوف
کائلی جینرجنہوں نے 2016 میں کیلیفورنیا کے ہِڈن ہلز میں 12 ملین ڈالر کا شاندار محل خریدا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض راتوں میں یہ آوازیں مسلسل آتی ہیں، اور بعض راتیں بالکل خاموش گزرتی ہیں۔
انہوں ںے کہاکہ وہ سوتے ہوئے اکثر اس آواز پر جاگ جاتی ہیں کہ باتھ روم یا الماری میں کوئی چیز گر گئی۔
دریں اثنا اسی قسط میں کائلی نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بہن کینڈل جینر بھی ان آوازوں سے خوفزدہ ہوئیں۔ وہ اتنی ڈر گئیں کہ آدھی رات کو ہی گھر چھوڑ کر چلی گئیں۔
علاوہ ازیں کینڈل نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ کائلی کا گھر ’’سو فیصد آسیب زدہ‘‘ محسوس ہوتا ہے۔
چہ مگوئیاں
کائلی جینر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ کئی صارفین اس تجربے کو خوفناک قرار دے رہے ہیں۔
بعض نے کائلی کے گھر کی مافوق الفطرت موجودگی کو ایک دلچسپ داستان سمجھا۔جبکہ دیگر نے اسے حقیقتاً خوفناک واقعہ قرار دیا۔














