ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اختتامی لمحات میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اپنے ہی فاسٹ بولر جوفرا آرچر سے الجھ پڑے۔
آسٹریلوی ٹیل اینڈرز خصوصاً مچل اسٹارک کی جانب سے شاندار ففٹی نے انگلش ٹیم کو شدید فرسٹریشن کا شکار کر دیا۔
کھیل کے دوران ایک موقع پر اسٹوکس کو آرچر سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ فیلڈ سیٹنگ پر شکایت کرنے کے بجائے اپنی بولنگ پر توجہ دو اور گیند اسٹمپس میں کرو۔
اس پر جوفرا آرچر نے بھی کچھ جواب دیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی اسپیل کے اختتام پر آرچر نے ہی مچل اسٹارک کو کلین بولڈ کر کے آسٹریلیا کی اننگز کا خاتمہ کیا، تاہم اس کے بعد بھی اسٹوکس اور آرچر کے درمیان لفظی نوک جھونک جاری رہی۔
مزید یہ کہ دن کے اختتام تک انگلینڈ کی اننگز میں بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر ہی وکٹ پر ڈٹے رہے اور آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت جاری رکھی، جس نے میچ میں ڈرامائی رنگ بھر دیا۔



















