Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انسٹاگرام نے صارفین کیلئے نئے قواعد نافذ کر دیے

 اب صارفین ہر پوسٹ میں صرف 5 ہیش ٹیگز استعمال کر سکیں گے

انسٹاگرام  نے اپنے صارفین کے لیے کچھ نئے قواعد نافذ کیے ہیں تاکہ پوسٹ کیے جانےوالے مواد کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے، یہی وجہ ہے کہ سماجی ایپ نے بامعنی انگیجمنٹ کو فروغ دینے کے لیے ہیش ٹیگز کے استعمال پر نئی پابندی عائد کر دی ہے، اب صارفین ہر پوسٹ میں صرف 5 ہیش ٹیگز استعمال کر سکیں گے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اپنے انسٹاگرام ایڈوائس چینل پر اس فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مخصوص ہیش ٹیگز جن کی تعداد کم ہو طویل اور عمومی فہرستوں کے مقابلے میں بہتر نتائج دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، کونٹینٹ کے معیار کو تعداد پر ترجیح دینا ضروری ہے کیونکہ ہیش ٹیگز صرف مواد کی تلاش میں مدد فراہم کرتے ہیں، مگر یہ خود بخود پوسٹس کی رسائی میں اضافہ نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے اور میٹا کا مشترکہ قدم، پاکستان میں انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کیلیے فیچر متعارف

ایڈم موسیری کا یہ بھی کہنا تھا کہ کونٹینٹ پوسٹ کرنے والے صارفین کو ایسے مواد پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو ناظرین سے حقیقی طور پر ہم آہنگ ہو، بجائے اس کے کہ وہ صرف زیادہ ہیش ٹیگ استعمال کر کے مصنوعی طور پر اپنی پوسٹ کی نمائش بڑھانے کی کوشش کریں۔

واضح رہے کہ یہ نیا اقدام تھریڈز پلیٹ فارم پر پہلے متعارف کرائی گئی پالیسی سے ملتا جلتا ہے، جہاں ہر پوسٹ میں صرف 1 ہیش ٹیگ کی اجازت تھی۔ اس پابندی کا مقصد اسپام کی حوصلہ شکنی اور غلط انگیجمنٹ میٹرکس کے استعمال کو روکنا تھا۔

موسیری کے مطابق، نئی حکمتِ عملی کا مقصد ایسے ٹیگز کو فروغ دینا ہے جو کمیونٹیز کی تشکیل میں مددگار ہوں، نہ کہ وہ جو نمائش بڑھانے کے لیے استعمال کیے جائیں۔

ماہرین کے مطابق، اس تبدیلی سے انسٹاگرام کی مارکیٹنگ اور مواد کی دریافت کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی آ سکتی ہے۔

 ہیش ٹیگز کی حد مقرر کر کے، انسٹاگرام صارفین کو زیادہ سوچ سمجھ کر مواد شیئر کرنے کی ترغیب دے رہا ہے، جہاں توجہ زیادہ تر مواد کے معیار اور ناظرین کے درمیان حقیقی تعلق پر ہوگی۔