Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غلط شخص قتل کرنے پر پولیس کے ہاتھوں 12 سالہ ملزم گرفتار

سویڈش اخبار کے مطابق نوجوان ملزم گواہوں کی اطلاع ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا

سویڈن کے شہر مالمو میں پولیس نے ایک 12 سالہ لڑکے کو حراست میں لیا ہے جس پر 21 سالہ شخص کو ڈرائیونگ کے دوران گولی مار کر ہلاک کرنے کا شبہ ہے، سوئیڈش میڈیا نے اسے ’’چائلڈ اسیسن‘‘ (بچوں کا قاتل) کا لقب دیا ہے۔

یہ بچہ مالمو میں ایک خاص شخص کو  250,000 سوئڈش کرون (تقریباً 27,000 ڈالر) کےعوض قتل کرنے کے  مقصد سے آیا تھا، تاہم اس نے غلطی سے ایک دوسرے 21 سالہ شخص کو نشانہ بنایا جو اپنے دوستوں کے ساتھ گاڑٰ میں موجود تھا۔

 اس بات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا کہ قتل کا حکم کس نے دیا اور کیوں، مگر حکام کو یقین ہے کہ 12 سالہ لڑکے کی یہ پہلی قتل کی کوشش نہیں تھی، سویڈش اخبار کے مطابق نوجوان ملزم گواہوں کی اطلاع ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں سنہری بال اور نیلی آنکھوں والی 3 سالہ بچی عالمی توجہ کا مرکز

واضح رہے کہ 12 سالہ ملزم گزشتہ 7 برس سے اپنی دادی کے گھر رہ رہاتھا، تاہم وہ اس قتل کے لیے وہاں سے فرار ہو کر مالمو پہنچا جہاں اس نے قتل جیسے جرم کا ارتکاب کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا اصل ہدف گاڑی میں موجود کوئی اور شخص تھا، تاہم گاڑی میں سوار تمام افراد ہی مجرمانہ ریکارڈ رکھتے تھے، جن میں مقتول بھی شامل تھا، جو پہلے ڈکیتی، سرکاری اہلکار کو دھمکیاں دینے اور دیگر الزامات میں دو سال سے زائد جیل کی سزا بھی کاٹ چکا تھا۔

سویڈن میں بارہ سالہ بچوں پر ماضی میں بم دھماکوں، دستی بم پھینکنے اور مجرمانہ گروپوں کے لیے کام کرنے کے الزامات لگ چکے ہیں، مگر یہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہے جب اتنے کم عمر بچے کو کسی قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

محمود پولیس کے تفتیشی افسر، راسم چیبل کے مطابق واردات میں ملوث کم عمر ملزمان سامنے آرہے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ کم عمر مجرم سوشل میڈیا کے ذریعے پیشہ ورانہ مجرموں کی جانب سے بھرتی کیے جاتے ہیں اور انہیں سنگین جرائم کی انجام دہی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ سویڈن میں 15 سال سے کم عمر بچوں کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا۔ تاہم، اب جرم کی سنگینی کے باعث پراسیکیوٹرز نے نابالغ کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔