اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کی ملاقات ہوئی جس میں عدالتی نظام میں ڈیجیٹل مالیاتی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے لیے آن لائن بلنگ سلوشن کے نفاذ کا آغاز کر دیا گیا ہے، سپریم کورٹ کے لیے آن لائن بلنگ سسٹم جلد فعال ہوگا، اس نظام سے دستی بلوں اور چیکوں پر انحصار ختم ہوجائے گا۔
اے جی پی آر نے حکومت کی جانب سے ادائیگیوں کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے اے جی پی آر کے اقدام کی تعریف کی۔
چیف جسٹس نے مکمل ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سپریم کورٹ میں مالیاتی نظام کی بہتری ان کی ترجیحات میں شامل ہے، صوباٸی چیف جسٹسز کی منظوری سے یہ نظام ہائی کورٹس تک بھی توسیع دیا جائے گا، ڈیجیٹل نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔




















