میکسیکو سٹی: پائلٹ کا انوکھا احتجاج ، جہاز اڑانے سے انکار کردیا۔ جس کے سبب ایک کمرشل پروازغیر معمولی صورتحال کا شکار ہوگئی ۔
پائلٹ نے ایئرلائن کے واجبات کی عدم ادائیگی پر جہاز اڑانے سے انکار کر دیا اور خود کو کاک پٹ میں بند کر لیا۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا۔
جس سے مسافر شدید پریشانی کا شکار ہوئے اور ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ۔
پائلٹ کا کہنا تھا کہ جب تک انتظامیہ اس کے بقایا جات ادا نہیں کرتی، وہ جہاز کو ٹیک آف کرنے نہیں دے گا۔
پائلٹ نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریباً تین برس سے اس ایئرلائن کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ اس دوران اس نے کبھی بھی پرواز کی ذمہ داری سے پیچھے قدم نہیں ہٹایا۔
تاہم، اس وقت اس کے پانچ ماہ کی تنخواہ اور سفری اخراجات ابھی تک ادا نہیں کیے گئے تھے۔
پائلٹ کا موقف اور سوشل میڈیا پر وائرل
پائلٹ نے مسافروں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس صورتحال کے حقدار نہیں ہیں۔ لیکن چونکہ وہ تین بچوں کا باپ ہے، اس لیے مجبوری میں یہ قدم اٹھا رہا ہے۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں پائلٹ کو اپنے مطالبات دہراتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس نے مسافروں کو اس صورتحال کی وضاحت کی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ اور تحقیقات کا آغاز
انتظامیہ کے مطابق دوپہر 3:00 بجے کے قریب اس پرواز پر ایک غیر معمولی واقعے کی اطلاع ملی۔ سول ایوی ایشن حکام نے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دیں۔
یہ پرواز جنوبی میکسیکو کے سیاحتی شہر کینکون روانہ ہونی تھی۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی مداخلت اور مسافروں کا محفوظ انخلاء
دریں اثنا واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کی اور پائلٹ کو حراست میں لے لیا۔ تمام مسافروں کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا۔
مزید براں یہ کہ واقعے نے ایئرلائن کے ملازمین کے واجبات اور مزدور حقوق کے مسائل کو دوبارہ اجاگر کیا۔ جس پر اب بحث جاری ہے۔




















