Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور یورپی یونین کا اجلاس ، معاشی و تجارتی صورتحال کا جائزہ

اس موقع پرپاکستان میں جمہوریت، طرزِ حکمرانی، انسانی حقوق کے اموربھی زیربحث آئے، ترجمان دفترخارجہ

یورپی یونین اور پاکستان کے مشترکہ کمیشن کا 15واں اجلاس برسلز میں منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان میں معاشی ،تجارتی و  سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق اجلاس میں تجارت و سرمایہ کاری اور ترقی پر بات چیت کی گئی۔ ان کا کہناتھا کہ اس موقع پرپاکستان میں جمہوریت، طرزِ حکمرانی، انسانی حقوق کے اموربھی زیربحث آئے۔

تارکین وطن،موسمیاتی تبدیلی، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (SEP) پرتبادلۂ خیال کیاگیا۔  فریقین نے علاقائی صورتحال پر بھی آراء کا تبادلہ کیا۔

ترجمان دفتر خاجہ کے مطابق فریقین نے خطے کے استحکام کے لیے اپنی دیرینہ شراکت داری کی اہمیت کو دہرایا۔

پاکستان کی نمائندگی وزارتِ خارجہ اور یورپی یونین کی نمائندگی یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس نے کی۔

اجلاس میں انسانی حقوق کے شعبے میں قریبی تعاون کو دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی فورمز میں اہم قرار دیا گیا۔

یورپی یونین نے پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ طاہراندرابی نے کہاکہ  پاکستان نے نیشنل ایکشن پلان،انسانی حقوق اور بزنس اینڈ ہیومن رائٹس پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

یورپی یونین نے افغان مہاجرین کی دہائیوں سے میزبانی پر پاکستان کی تعریف کی۔ اجلاس میں  تعلیم، ثقافت، ڈیجیٹلائزیشن، سائنس اور تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔