اسلام آباد: وزارتِ خزانہ نے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت اختیار کرنے والے افسران کے لیے پنشن اور تنخواہ ایک ساتھ حاصل کرنے کی اجازت بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق 22 اپریل اور 19 جون 2025 کے سابقہ آفس میمورنڈمز فوری طور پر ختم کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت ریٹائرڈ افسران دوبارہ ملازمت پر کام کرنے کی صورت میں پنشن نہیں لے سکتے تھے۔
اب ریٹائرڈ افسران کو دوبارہ ملازمت پر تعیناتی کے دوران ڈبل بینیفٹ اسکیم کے تحت مکمل مالی مراعات حاصل ہوں گی، یعنی وہ ایک ہی وقت میں اپنی پنشن اور تنخواہ دونوں وصول کرسکیں گے۔
یہ اقدام ریٹائرڈ ملازمین کے مالی استحکام اور مراعات میں اضافہ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد سابقہ احکامات مکمل طور پر واپس لے لیے گئے ہیں۔


















