Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان بھارت کو روند کر پہلی بار انڈر19 ایشیا کپ کا چیمپیئن بن گیا

سمیر منہاس 172 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر بھارت کے لیے خوفناک خواب ثابت ہوئے

دبئی : انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کی ٹیم کو روند کر رکھ دیا اور پہلی بار انڈر19 ایشیا کپ کا چیمپیئن بن گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا ہے، لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا۔

البتہ 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ چیمپئن رہے تھے، لیکن اب پاکستان بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرا کر بلا شرکت غیرے انڈر19 ایشیا کپ کا چیمپیئن بن گیا ہے۔

پاکستان نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے، اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

تاہم، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت کی انڈر 19 ٹیم اپنے اعصاب پر قابو نہ رکھ سکی، اور ابتدا میں ہی بھارتی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھرنا شروع ہوگئی، اور 156کے مجموعی اسکور پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی پہلی وکٹ 32 رنز پر گری، اس کے بعد 49 رنز پر یکے بعد دیگرے مزید 2 وکٹیں گرگئیں، جس کے بعد بھارتی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا نا رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا اور یوں صرف 100 رنز کے مجموعی اسکور پر بھارتی ٹیم اپنی 7 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ اور 156رنز پر بھارتی اننگ کا مکمل خاتمہ بھی ہوگیا۔

میچ کی ابتدا میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی اوپنر سمیر منہاس نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے بلے بازی کے ذریعے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستانی اوپنر سمیر منہاس نے صرف 71 گیندوں پر جارحانہ سنچری جڑ دی۔

انہوں نے تہرے ہندسے تک پہنچنے کے لیے صرف 71 گیندوں کا سہارا لیا، اس دوران انہوں نے 12 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔

پاکستان کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار جارحانہ اننگز کھیل کر بھارت کے لیے خوفناک خواب ثابت ہوئے ہیں۔

تاہم بڑی تگ و دو کے بعد کنشک چوہان سمیر منہاس کو پویلین واپس بھیجنے میں کامیاب ہوسکے۔

کنشک چوہان کی گیند پر دیپیش نے سمیر منہاس کا کیچ تھام کر بھارتی ٹیم کو سمیر منہاس کے طوفان سے نجات دلائی۔

سمیر منہاس نے اپنی 172 رنز کی شاندار اننگز میں صرف 113 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران 17 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔

ان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 47 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنالیے ہیں۔

ان کے علاوہ، احمد حسین 72 گیندوں پر 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ عثمان خان 35، کپتان فرحان یوسف 19، حمزہ ظہور 18 ، نقاب شفیق 12، محمد صیام 13، عبدالسبحان 2، محمد شایان 7  رنز بناسکے۔ جبکہ حذیفہ احسان صفر بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے فائنل سے قبل کہا تھا کہ ٹیم پوری طرح تیار ہے، بھرپور مقابلہ کرے گی اور ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔

پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔