کراچی: شہر کے مختلف بازاروں میں مہنگائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں روزمرہ استعمال کی اشیاء سرکاری نرخوں کے بجائے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔
مرغی کا گوشت سرکاری قیمت 670 روپے فی کلو کے مقابلے میں 800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
مارکیٹ میں بھنڈی 230 روپے کے بجائے 300 روپے فی کلو، توری 127 کے بجائے 200 روپے فی کلو اور کریلا 104 روپے کے مقابلے میں 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح میتھی ساگ بھی 115 روپے کے بجائے 200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، کیلا سرکاری نرخ 98 روپے کے بجائے 150 سے 200 روپے درجن میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ کینو 240 روپے کے بجائے 300 روپے فی درجن میں دستیاب ہے۔
سیب گولڈن کی قیمت بھی 298 روپے کے مقابلے میں 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
شہریوں نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔


















