Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر قومی ٹیم کو سیاسی و حکومتی شخصیات کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین

فتح نوجوان کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ وفاقی و صوبائی سطح کی اہم شخصیات نے ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں بھارت کو شکست دے کر کھلاڑیوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے، جنہوں نے محنت، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔

فیصل ایوب نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، جبکہ انہوں نے کوچنگ اسٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی اس تاریخی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر کھیل نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب نوجوان ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے خلاف فتح پر قومی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ اوپنر سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سبحان کی بہترین باؤلنگ بھی جیت کی بنیاد بنی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شاہینوں نے کاغذی شیروں کو عبرتناک شکست دے کر پوری قوم کو خوشی سے سرشار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں نے سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا اور یہ جیت پورے پاکستان کی کامیابی ہے، جو مدتوں یاد رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محنت اور عزم کے سامنے بڑے دعوے داروں کو کرکٹ کے میدان میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ انڈر 19 ٹیم آئندہ میچوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری نے بھی پاکستان انڈر 19 ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور جذبے کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنا قابلِ فخر لمحہ ہے۔

عون چوہدری کے مطابق اوپنر سمیر منہاس کی دھواں دار سنچری نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ قومی ٹیم نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کھیل پیش کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف فتح نوجوان کھلاڑیوں کی محنت کا ثمر اور ان کے بلند حوصلے و جذبے کی عکاس ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، جبکہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے لیے مزید کامیابیوں کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔