Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مردہ برطانوی خاتون کو پرواز میں سوار کروانے کا الزام ، طیارے میں ہنگامہ

ہنگامے کے سبب پرواز طویل تاخیر کا شکار ہو گئی، واقعہ سوشل اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا

مردہ برطانوی خاتون کوپروازمیں سوار کروانے کاالزام،طیارے میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا ۔ یہ واقعہ اسپین سے برطانیہ جانے والی ایزی جیٹ کی ایک پروازمیں پیش آیا۔

ہنگامے کے سبب پرواز طویل تاخیر کا شکار ہو گئی ۔  ایک 89 سالہ برطانوی خاتون کے انتقال کا واقعہ سامنے آیا۔

واقعے نے سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا میں خاصی توجہ حاصل کی۔ جہاں مسافروں نے خاندان پر سنگین الزامات عائد کیے۔

مالاگا سے لندن جانے والی پرواز میں کیا ہوا؟

یہ واقعہ اسپین کے شہر مالاگا سے لندن کے گیٹ وِک ایئرپورٹ جانے والی ایزی جیٹ پرواز میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ برطانوی خاندان نے بزرگ خاتون کو وہیل چیئر پر بٹھا کر جہاز میں سوارکرایا۔

کیبن کریو کو بتایا گیا کہ خاتون بیمار ہیں اور سو رہی ہیں۔  طیارہ جب ٹیک آف کے لیے رن وے کی طرف بڑھ رہا تھا تو عملے کو خاتون کی حالت پر تشویش ہوئی۔

جس کے بعد جہاز کو فوری طور پر واپس ٹرمینل لے جایا گیا۔

طبی تصدیق اور پرواز میں طویل تاخیر

طیارے کے واپس پہنچنے پر ایئرپورٹ کے طبی عملے نے خاتون کا معائنہ کیا اور انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کے باعث تمام مسافروں کو جہاز سے اتار دیا گیا۔ پرواز تقریباً 12 گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ خاتون کی موت جہاز میں سوار ہونے سے پہلے ہی ہو چکی تھی۔

تاہم خاندان کے افراد مبینہ طور پر عملے کو بار بار یقین دلاتے رہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

ایزی جیٹ کا مؤقف اور الزامات کی تردید

ایزی جیٹ ایئر لائن نے مسافروں کے الزامات کی تردید کی۔ مؤقف اختیار کیاگیا کہ خاتون بورڈنگ کے وقت زندہ تھیں اورمیڈیکل فِٹ ٹو فلائی سرٹیفکیٹ بھی موجود تھا۔

ایئر لائن کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔  واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔