Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر صدر اور وزیراعظم کی قومی ٹیم کو مبارکباد

قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف زرداری نے قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے عزم، محنت اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے جبکہ یہ جیت عالمی مقابلوں کے لیے ایک امید افزا اشارہ بھی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر پاکستانی ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا۔

انکا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے اور انڈر 19 ٹیم مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی احسن انداز میں کرے گی۔

شہباز شریف نے چیئرمین پی سی بی سمیت ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اس کامیابی میں کلیدی کردار کی حامل ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آج قومی انڈر 19 کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور بھارت کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ انڈر 19 قومی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، جہاں کھلاڑی ارائیول لاؤنج سے باہر آ گئے اور شائقین کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔