ریاض: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، دفاعی تعاون، عسکری روابط، اسٹریٹجک اشتراک اور موجودہ جیو پولیٹیکل چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاس قرار دی گئی، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اعتماد اور تعاون پر مبنی شراکت داری کو ظاہر کرتی ہے۔
دریں اثنا، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی فرمان پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک بڑے اعزاز سے نوازا گیا۔ انہیں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس عطا کیا گیا، جو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز ہے۔
ترجمان پاک فوج کے کے مطابق یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے اعلیٰ سعودی اعزاز علاقائی امن، استحکام اور انسداد دہشت گردی و سلامتی میں اشتراک کار پر ان کی خدمات کا کو ظاہر کرتا ہے۔
دوران ملاقات سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ وارانہ مہارت اور اسٹریٹیجک وژن کو سراہا اور دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے فیلڈ مارشل کے عزم کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت سے اعزاز پر اظہار تشکر کیا اور سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔



















