کرپٹو ریگولیشن میں زبردست پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان مستقبل میں ڈیجیٹل مارکیٹ کی دوڑ میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے تاریخی اقدام کے باعث پاکستان بین الاقوامی ڈیجیٹل مارکیٹ کی توجہ کامرکز بن گیا۔
ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی جانب سے کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے کے لیے فوری اور متحرک اقدامات جاری ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب کی سابق بائننس سی ای او چانگ پینگ ژاؤ اور بلاک چین پلیٹ فارم “ٹرون” کے بانی جسٹن سن سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
سابق بائننس سی ای او چانگ پینگ ژاؤ کے مطابق پاکستان نے کرپٹو ریگولیشن میں تیزی سے ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوان طبقہ کے لیے منظم اور محفوظ کرپٹو اپنانے کے مواقع فراہم کیے، پاکستان کا نوجوان طبقہ پیشہ ورانہ صلاحیت، جدت اور نئی ٹیکنالوجیز اپنانے میں ماہر ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان سب سے زیادہ کرپٹو صارفین رکھنے والی آبادی میں دنیا کے تین بڑے کرپٹو ممالک میں شامل ہے، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو ٹوکنائز کرنے سے عالمی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
دوسری جانب جسٹن سن نے کہا کہ کرپٹو کی بدولت ہر شہری کے لیے آسان اور مساوی مالی رسائی حاصل ہو سکے گی، کرپٹو کرنسی کے ذریعے پاکستان کے معاشی نظام کو مزید قوی، جدید اور شفاف بنا رہے ہیں۔
یہ اہم ملاقاتیں پاکستان کے ابھرتے ہوئے انقلابی ڈیجیٹل اثاثہ جات کے فریم ورک پر بڑھتی ہوئی بین الاقوامی توجہ کی عکاسی کرتی ہے، پاکستان کی ریگولیٹری پالیسی اور طویل المدتی صلاحیت پر عالمی کرپٹو لیڈرز کا بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کی اونچی اڑان کا مظہر ہے۔
کرپٹو کے مثالی اقدام سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، ریمیٹنس اور مالیاتی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔


















