Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

باتھ روم میں زیادہ وقت؛ انجینیئر کی ملازمت خطرے میں پڑ گئی

ایک موقع پر مذکورہ انجینیئر تقریباً چار گھنٹے تک اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہا۔

چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں ایک انجینیئر کو کام کے دوران غیر معمولی طور پر طویل باتھ روم وقفے لینے پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، جس کے بعد عدالت نے بھی کمپنی کے فیصلے کو قانونی قرار دے دیا۔

مذکورہ انجینیئر نے کام کے اوقات میں متعدد بار طویل باتھ روم بریکس لیے، جن کا مجموعی دورانیہ ایک گھنٹے سے تجاوز کرگیا جبکہ ایک موقع پر وہ تقریباً چار گھنٹے تک اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہا۔

 کمپنی نے کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ثابت کیا کہ ملازم بار بار اور طویل عرصے کے لیے کام سے غیر حاضر رہا۔

ملازم، جس کی شناخت لی کے نام سے ہوئی، اس نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ خون بہنے والے بواسیر کے مرض میں مبتلا تھا، جس کی وجہ سے اسے باتھ روم میں زیادہ وقت درکار ہوتا تھا۔

 تاہم، کمپنی کا کہنا تھا کہ لی نے نہ تو اپنے طبی مسئلے سے متعلق پیشگی اطلاع دی اور نہ ہی بیماری کی چھٹی کے لیے درخواست دی، جو اس کے لیبر کنٹریکٹ اور کمپنی کے قواعد کے خلاف تھا۔

عدالت نے سماعت کے دوران قرار دیا کہ باتھ روم میں گزارا گیا وقت معمول کی جسمانی ضروریات سے کہیں زیادہ تھا اور کمپنی کی جانب سے ملازم کو برطرف کرنے کا فیصلہ قانون کے مطابق تھا۔

ملازم لی کے نے عدالت میں 3 لاکھ 20 ہزار یوان ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم عدالت نے اسے مسترد کردیا۔

بعد ازاں ثالثی کے عمل کے دوران ملازم کی طویل مدت کی سروس اور بے روزگاری کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے بطور ریلیف تقریباً 30 ہزار یوان ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔