لندن: برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں یوکرین جنگ پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ رابطہ فلوریڈا میں حکام کی ملاقاتوں کے بعد ہوا۔گفتگو میں یوکرین جنگ کے منصفانہ اور دیرپا خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے آغاز میں یوکرین جنگ کی صورتحال پر غور کیا اور اُن ممالک کے اتحاد “کولیشن آف دی ولنگ” کے کردار پر بات چیت کی جو یوکرین کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ٹرمپ کو کولیشن آف دی ولنگ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کی حمایت اور لڑائی کے منصفانہ و پائیدار خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم کے مطابق یورپی اتحاد بھی یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سرگرمِ عمل ہے، جبکہ برطانیہ روس اور یوکرین کے درمیان مکمل جنگ بندی اور مستقل امن کا خواہاں ہے۔



















