Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور: ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے خوش خبری

لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ جان و مال کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔، حکام

پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار میں توسیع کردی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے سب سے پہلے لرننگ لائسنس بنوایا جائے۔ شہری لرننگ لائسنس کے لیے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں یا قریبی لائسنسنگ سینٹر کا رخ کرسکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لرننگ لائسنس حاصل کرنے کے 42 دن مکمل ہونے کے بعد شہری ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کے اہل ہوجاتے ہیں۔ مقررہ مدت کے بعد شہری ڈرائیونگ ٹیسٹ دیں گے اور ٹیسٹ کامیاب ہونے پر ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت کارڈ والے لائسنس کے برابر ہے اور شہری اسے بطور مستند دستاویز استعمال کرسکتے ہیں۔

اوقات کار سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ بڑے شہروں میں لائسنسنگ سینٹرز 24 گھنٹے شہریوں کو خدمات فراہم کریں گے۔

ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق لائسنسنگ سہولیات کا یہ سلسلہ بغیر کسی تعطیل کے جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے بعد ہی گاڑی چلائیں کیونکہ محفوظ سفر کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا نہایت ضروری ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ جان و مال کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔